دارالایمان والتقویٰ کربوغہ شریف
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

دارالایمان والتقویٰ کربوغہ شریف
تحریکِ ایمان و تقویٰ ایک مسلسل اور دائمی جدوجہد کا نام ہے، جس کا مقصد ایمان کی آبیاری، تقویٰ، تواضع اور حسنِ خُلُق جیسے اوصاف پیدا کرنا ہے۔ یہ تحریک خدمتِ خلق، خیر خواہی اور ایثار و ہمدردی کے جذبے کے ساتھ ساتھ دعوت و تبلیغ، جہاد فی سبیل اللہ، اتحادِ امت اور اعلائے کلمۃ اللہ جیسے عظیم مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ اس مبارک مشن کا آغاز مختار الامۃ حضرت سید مفتی مختار الدین شاہ صاحب رحمہ اللہ نے کربوغہ شریف کی بامراد سرزمین سے فرمایا۔
مقاصد
اس ہدف کے حصول کے لیے یہ تحریک تین مقاصد پر کام کرتی ہے:
1۔ تزکیہ نفس
تقویٰ، طہارت، اللہ تعالی کے ساتھ شدید محبت، اس کی عظمت و معرفت اور خشیت کے اعلیٰ درجات اور زندگی کے ہر گوشے میں احسانی کیفیت حاصل کرنے کے لیے مسلسل محنت و کوشش کرنا، اور اپنے گردو پیش کو بھی اپنی اصلاح و تربیت اور ایمانی اوصاف و کمالات سے آراستہ ہونے کی جانب توجہ دلانا۔
2۔ پورے دین پر مکمل عمل
عقائد و ایمانیات سے لے کر عبادات، معاملات، معاشرت، حسنِ اخلاق اور حقوق و آداب تک دین کے ہر پہلو پر خود مکمل عمل کرنا، اور دنیا کے سامنے دینِ اسلام کو اس کی صحیح، جامع اور خوبصورت شکل میں پیش کرنا۔ نیز دیگر مسلمانوں کو بھی پورے دین پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینا۔
3۔ اتحاد امت
امت کے بکھرے ہوئے شیرازے کو دوبارہ جوڑنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کرنا، بنیادی عقائد اور فروعی و اجتہادی مسائل میں واضح توازن قائم رکھتے ہوئے ہر چیز کو اس کے درست مقام پر رکھنا، اور مختلف دینی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کے درمیان پائی جانے والی نفسیاتی دوریوں کو باہمی تعاون اور اتحاد میں بدلنا۔